تازہ ترین

پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط، نیا معاہدہ طے پاگیا

0

اسلام آباد: پاکستان اور کویت نے اپنے دیرینہ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کے لیے ایک نئے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔ نئے معاہدے کے تحت دفاعی تربیت، استعداد کار میں اضافے، سرحدی انتظام اور دیگر اہم دفاعی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

وزارتِ دفاع کے مطابق ’پروٹوکول معاہدہ 2026‘ پر اسلام آباد میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے دستخط کیے۔ معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان موجود دفاعی تعاون کو مزید منظم اور وسیع کرنا ہے۔

نیا پروٹوکول معاہدہ پاکستان اور کویت کے درمیان پہلے سے موجود ’دفاعی تعاون معاہدہ 2023‘ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دے گا۔ اس کے تحت پاکستان کی مسلح افواج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے لیے معاونت فراہم کریں گی۔

معاہدے میں سرحدی انتظام سمیت باہمی اتفاق سے طے پانے والے دیگر دفاعی شعبوں میں تعاون کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے دونوں ممالک کی دفاعی اداروں کے درمیان رابطہ اور تجربات کے تبادلے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزارتِ دفاع کے مطابق نیا معاہدہ پاکستان اور کویت کے درمیان قائم دیرینہ دفاعی تعلقات میں باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون پہلے سے جاری ہے اور نئے معاہدے کے ذریعے اسے مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

دونوں جانب سے اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ باہمی سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے لیے دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ اس تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تربیتی اور دفاعی شعبوں میں روابط کو مزید فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.