تازہ ترین

بدخشان جھڑپوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کا افغان طالبان کا الزام مسترد

0

اسلام آباد-پاکستان نے بدخشان میں حالیہ جھڑپوں میں پاکستانی فورسز کے ملوث ہونے سے متعلق افغان طالبان کے الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دعوے کے حق میں کوئی قابلِ اعتماد ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک افغان میڈیا ادارے کو انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ بدخشان میں جاری حالیہ تشدد میں پاکستانی حکام فعال طور پر ملوث ہیں۔

پاکستان کی وزارت اطلاعات نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے دعووں کی حمایت میں کوئی معتبر ثبوت موجود نہیں۔

وزارت اطلاعات کے مطابق بدخشان میں پیدا ہونے والی صورتحال افغانستان کے داخلی سیکیورٹی مسائل اور حکمرانی سے متعلق چیلنجز کا نتیجہ ہے، اسے پاکستان کی مبینہ مداخلت سے جوڑنا درست نہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بعض آزاد رپورٹس میں بدخشان کی جھڑپوں کو طالبان کی حکمرانی کے خلاف داخلی کشمکش کا حصہ قرار دیا گیا ہے، جہاں حکمرانی میں عدم شمولیت اور سخت پالیسیوں سے متعلق شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں، تاہم ان واقعات میں پاکستانی مداخلت کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وہ افغانستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور اپنے پڑوسی ملک کو غیر مستحکم کرنے میں اس کا کوئی مفاد نہیں۔

وزارت اطلاعات نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ پاکستان پر بغیر ثبوت الزام عائد کرنے کے بجائے افغانستان میں عدم استحکام پیدا کرنے والے داخلی مسائل پر توجہ دے، کیونکہ بے بنیاد الزامات حقائق کا متبادل نہیں ہوسکتے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.