پاکستانی باکسر عثمان وزیر اگلی فائٹ کیلئے تیار، انڈونیشین حریف سے مقابلہ ہوگا
اسلام آباد-پاکستان کے نامور پروفیشنل باکسر عثمان وزیر نے ایک اور عالمی مقابلے کیلئے تیاریاں شروع کردیں، انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں انڈونیشیا کے باکسر ایری آگسٹن کے خلاف اپنی اگلی انٹرنیشنل فائٹ لڑیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان وزیر نے بتایا کہ ان کی اگلی فائٹ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں انڈونیشیا کے باکسر ایری آگسٹن کے خلاف ہوگی۔
عثمان وزیر نے کہا کہ کور کمانڈر پشاور اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے انہیں مالی معاونت فراہم کی ہے۔ ان کے مطابق کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری کھیلوں کے حوالے سے ہمیشہ تعاون کرتے رہے ہیں۔
باکسر نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیراعلیٰ امجد حسین سے بھی ملاقات ہوئی، جنہوں نے ان کی مستقبل کی تمام فائٹس کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
عثمان وزیر نے کہا کہ وہ 18 فائٹس جیت چکے ہیں اور اب 19ویں انٹرنیشنل فائٹ کیلئے میدان میں اترنے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کے بہترین باکسرز کو شکست دے کر پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پہلا ورلڈ یوتھ ٹائٹل انہوں نے جیتا اور اب ان کا مقصد پروفیشنل باکسنگ میں ملک کا نام مزید بلند کرنا ہے۔
عثمان وزیر کے مطابق پروفیشنل ایتھلیٹ کے کیریئر کیلئے اسپانسر شپ انتہائی ضروری ہوتی ہے، تاہم سیاسی مسائل کے باعث انہیں اپنے کیریئر میں مطلوبہ سپورٹ نہیں مل سکی۔
انہوں نے کہا کہ اگر باکسنگ فیڈریشن اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کرے تو وہ اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔
عثمان وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے خود جدوجہد کے مراحل دیکھے ہیں، اسی لیے مستقبل میں آنے والے باکسرز کی ضرور مدد کریں گے۔