تازہ ترین

علی ظفر نے شمالی امریکا میں دھوم مچا دی، متعدد کنسرٹس ہاؤس فل

0

پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کا ’روشنی ٹور‘ شمالی امریکا میں شاندار پذیرائی حاصل کر رہا ہے، جہاں امریکا اور کینیڈا کے 8 شہروں میں ہونے والے کنسرٹس میں اب تک 75 ہزار سے زائد مداح شرکت کرچکے ہیں۔

علی ظفر نے ٹور کے دوران 14 اگست کو ہیوسٹن کے ایرینا تھیٹر میں ہاؤس فل کنسرٹ کیا، جس میں 4 ہزار سے زائد شائقین نے شرکت کی۔

ہیوسٹن میں پرفارمنس کے دوران علی ظفر کو ثقافتی سفیر کے اعزاز سے بھی نوازا گیا، جبکہ اگلے روز انہوں نے سیکرامنٹو کے کیل ایکسپو میں یومِ آزادی پاکستان کی تقریب میں پرفارم کیا۔ منتظمین کے مطابق تقریب میں 20 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے، جو اس تقریب کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع تھا۔

’روشنی ٹور‘ کے دوران علی ظفر نے ٹورنٹو، کیلگری، لاس اینجلس، سان ہوزے اور ڈیلاس سمیت مختلف شہروں میں بھی پرفارم کیا، جہاں متعدد مقامات پر ان کے شوز ہاؤس فل رہے۔

کنسرٹس میں مداحوں کی بڑی تعداد کے ساتھ گلوکار سے ان کی جذباتی وابستگی بھی نمایاں رہی۔ شائقین علی ظفر کی تصاویر اور ہاتھ سے بنائے گئے پلے کارڈز اٹھائے شوز میں شریک ہوئے۔

علی ظفر کے مطابق شمالی امریکا سے ملنے والا ردعمل صرف شائقین کی بڑی تعداد تک محدود نہیں بلکہ ان کے لیے ایک گہرا جذباتی تجربہ بھی ہے۔

’روشنی ٹور‘ اکتوبر تک جاری رہے گا، جبکہ مزید بین الاقوامی شوز کی تاریخوں کا اعلان بھی متوقع ہے۔ علی ظفر کا ’روشنی‘ البم مختلف میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.