تازہ ترین

غلط معلومات کا مقابلہ مؤثر ابلاغ سے ہی ممکن ہے، عطا تارڑ

0

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے نوجوان سول افسران پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں اور ہر معاملے میں قومی مفاد کو مقدم رکھیں۔

وزیر اطلاعات نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے دورے پر آئے 54ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے 217 زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر حکومتی ابلاغ شفافیت کے فروغ، عوام تک درست معلومات کی فراہمی اور ریاستی اداروں پر اعتماد مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کامن ٹریننگ پروگرام سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر بنانے اور انہیں مؤثر عوامی خدمت کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور گمراہ کن مواد کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنا ناگزیر ہوچکا ہے، جس کے لیے بروقت، پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ ابلاغی حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے نوجوان افسران کو ہدایت کی کہ وہ عاجزی، عزم اور ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ پاکستان کی خدمت کریں اور اپنے سرکاری فرائض دیانت داری اور پیشہ ورانہ اہلیت کے ساتھ انجام دیں۔

217 رکنی وفد میں وفاقی حکومت کے 12 مختلف سروسز اور پیشہ ورانہ گروپس سے تعلق رکھنے والے 117 مرد اور 100 خواتین زیر تربیت افسران شامل تھے۔

زیر تربیت افسران کو وزارت اطلاعات و نشریات کے کردار، حکومتی ابلاغ، قومی بیانیے کی تشکیل و تشہیر، ڈیجیٹل کمیونیکیشن، عوامی آگاہی اور غلط معلومات کے تدارک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہیں ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے ذریعے عوامی رابطے اور قومی پالیسیوں و حکومتی اقدامات سے متعلق معلومات عوام تک پہنچانے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔

زیر تربیت افسران نے بریفنگ کو سراہتے ہوئے حکومتی ابلاغ اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے عوامی رابطے کو مضبوط بنانے کے کردار میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.