تازہ ترین

دکی کی اہم شاہراہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے نام سے منسوب، باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری

0

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے مشکل حالات میں بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دکی کی ایک اہم شاہراہ ان کے نام سے منسوب کردی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی منظوری کے بعد محکمہ بلدیات و دیہی ترقی نے شاہراہ کو ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے نام سے منسوب کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے بعد یہ فیصلہ عملی طور پر نافذ ہوگیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں جس حوصلے، عزم اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، وہ نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ بلوچستان کی نوجوان نسل، خصوصاً بیٹیوں کے لیے ایک قابلِ فخر مثال بھی ہے۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ معاشرے میں ایسے افراد کی خدمات کو اجاگر کرنا ضروری ہے جو مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹتے اور انسانیت کی خدمت کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہادری، خدمت اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے، کیونکہ ایسے اقدامات سے معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ ملتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے نام سے شاہراہ منسوب کرنا ان کی خدمات کے اعتراف کے ساتھ ساتھ دیگر نوجوانوں کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہے کہ عوامی خدمت اور مشکل حالات میں ذمہ داری نبھانے والے افراد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے بعد دکی کی مذکورہ اہم شاہراہ اب باضابطہ طور پر ڈاکٹر ماہ نور ناصر روڈ کے نام سے جانی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.