تازہ ترین

مریم نواز کا تلہ گنگ کو مکمل ضلع بنانے اور 2 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان

0

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تلہ گنگ کو مکمل ضلع بنانے کا اعلان کرتے ہوئے علاقے کی ترقی کے لیے 2 ارب روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے مستقل ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی تعیناتی کی ہدایت بھی جاری کی۔

تلہ گنگ کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ علاقے کے عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے وعدے کرنے والوں کو تاریخ نے ملیا میٹ کردیا ہے۔

اس سے قبل دی ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے طالبات کے لیے مختلف تعلیمی اور فلاحی اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ساڈھیاں دھیاں ساڈا مان‘‘ ہیں اور دسمبر سے طالبات میں اسکوٹیز کی تقسیم شروع کردی جائے گی۔

مریم نواز کے مطابق 22 ارب روپے سے زائد کے فنڈز کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت 1600 طالبات کو اسکالرشپس دے رہی ہے، جبکہ ایک لاکھ گوگل فری سرٹیفکیٹس بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کاروباری خواتین کو بلاسود قرضے دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سفارش کلچر ختم کرکے تقرریاں میرٹ پر کی جا رہی ہیں۔ خواتین کے تحفظ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی بیٹیوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا گیا ہے اور ہراسانی یا ظلم کے کسی واقعے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے طالبات کو ویمن سیفٹی ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی خطرے کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.