بنگلہ دیش کی پارلیمان کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے۔ یہ دورہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلہ دیشی ہم منصب اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک بنگلہ دیش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو بھی موجود تھیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ بنگلہ دیشی اسپیکر کا دورۂ پاکستان دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ بنگلہ دیش کی پارلیمان کے کسی اسپیکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش مشترکہ تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہیں، جبکہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور باہمی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اس موقع پر بنگلہ دیشی اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے پرتپاک استقبال پر سردار ایاز صادق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آمد پر ماضی کی خوشگوار یادیں تازہ ہوگئی ہیں۔ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قریبی تعاون اور وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
بنگلہ دیشی اسپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط اور اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔