وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوان عبداللہ عاربی کو آبائی علاقے قطب پور میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر بہاولپور، پولیس افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہید عبداللہ عاربی کا جسد خاکی جب ان کے آبائی گاؤں پہنچا تو فضا سوگوار ہوگئی، جبکہ اہل علاقہ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شہید کا استقبال کیا۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں شاہ چراغ قبرستان میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
اس موقع پر کور کمانڈر بہاولپور نے شہید کے والد عابد عاربی کو ان کے بیٹے کی وردی اور کیپ پیش کی۔ شہید کے والد نے بیٹے کی قربانی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے چھوٹے بیٹے کو بھی پاک فوج میں بھرتی کروائیں گے۔
شہید عبداللہ عاربی نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کی۔ ان کی شہادت پر اہل علاقہ نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔