بہاولپور کے علاقے خیرپور ڈاہا کے قریب ایک المناک ٹریفک حادثے میں پتھروں سے لدا ہوا ٹرک بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے کھڑے منی ٹرک پر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت منی ٹرک پر کل 9 افراد سوار تھے۔ حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ 7 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو ایکسیویٹر کی مدد سے ٹرک کے ملبے اور پتھروں کے نیچے سے نکالا گیا، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔