تازہ ترین

گورنر خیبرپختونخوا کی معدنیات، پن بجلی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

0

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے کے معدنیات، پن بجلی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ صوبے کی معاشی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے اور پائیدار ترقی کے لیے سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان شراکت داری، ادارہ جاتی رابطہ کاری اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے چیمبر کی قیادت اور کاروباری شخصیات کو دعوت دی کہ وہ اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے دستیاب مواقع کا جائزہ لیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سکیورٹی کے محاذ پر کسی قسم کی پسپائی کی گنجائش نہیں اور وفاقی و صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تمام ضروریات جنگی بنیادوں پر پوری کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

ادارہ جاتی تعاون کے حوالے سے گورنر نے اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس میں ایک مخصوص فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا، جو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق معلومات کے تبادلے کا ذمہ دار ہوگا۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری کے لیے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے امکانات پر ایک جامع بریفنگ کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں بالخصوص سیاحت، معدنیات، توانائی اور دیگر اہم شعبوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

گورنر کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو درپیش مسائل اور مایوسی کے خاتمے کے لیے تعلیم، ہنرمندی، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔

اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ شفاف ضابطوں، جدید انفراسٹرکچر، مستقل پالیسیوں اور مؤثر سہولیات کے ذریعے صوبے کو ایک اہم سرمایہ کاری مرکز بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کی کاروباری صلاحیتوں کو ایک دوسرے کے لیے معاون قرار دیتے ہوئے مشترکہ کاروباری وفود، سرمایہ کاری کانفرنسز، کاروباری ملاقاتوں اور مختلف شعبوں میں رابطوں کی تجویز دی۔

چیمبر کے صدر نے یقین دہانی کرائی کہ ادارہ سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری شراکت داریوں کے قیام کے لیے گورنر اور صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

انہوں نے مزید تجویز دی کہ پشاور اور اسلام آباد چیمبر میں دو فوکل پرسن مقرر کیے جائیں تاکہ سرمایہ کاری، صنعتی منصوبوں، تجارت اور مشترکہ کاروباری مواقع سے متعلق معلومات کا مسلسل تبادلہ ممکن ہو۔

چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ نے کہا کہ تجارتی اداروں، صوبائی حکام اور متعلقہ سرکاری محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری سے کاروباری ماحول کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ضابطہ جاتی کارروائیوں کو آسان بنانے، بروقت منظوریوں اور انفراسٹرکچر میں بہتری پر زور دیا۔

چیمبر کے نائب صدر محمد وقاص خان سواتی نے صوبے کے جغرافیائی محل وقوع، قدرتی وسائل اور ہنرمند افرادی قوت کو معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔

چیمبر کے بانی گروپ کے چیئرمین شیخ طارق صادق نے کاروباری برادری کو درپیش عملی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا، خصوصاً گندم اور آٹے کی بین الصوبائی نقل و حمل میں حائل پابندیوں اور رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت اجاگر کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.