تازہ ترین

عالمی یوم اطفال، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا بچوں کے تحفظ اور انصاف کے عزم کا اعادہ

0

عالمی یوم اطفال کے موقع پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (پی ایس سی اے) نے بچوں کو تشدد، بدسلوکی، استحصال، اغوا اور ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کے ذریعے اب تک بچوں اور ان سے متعلق دیگر افراد کے 195 ہزار 581 کیسز نمٹائے جا چکے ہیں، جبکہ مختلف شکایات پر 34 ہزار 772 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی بروقت مداخلت، مربوط کارروائی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بچوں کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دے رہا ہے۔ عالمی یوم اطفال کے موقع پر ادارے نے بچوں کے خلاف تشدد، استحصال، اغوا اور آن لائن خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

پی ایس سی اے کے مطابق بچوں پر تشدد، بدسلوکی اور استحصال کے 20 ہزار 372 واقعات رپورٹ ہوئے، جن کے نتیجے میں 7 ہزار 415 ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 4 ہزار 908 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ادارے کی جانب سے آن لائن اور ڈیجیٹل استحصال کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس نوعیت کے 272 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 17 ایف آئی آرز درج اور سات ملزمان گرفتار کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے اقدامات صرف ہنگامی ردعمل اور قانون نافذ کرنے تک محدود نہیں بلکہ ان میں گمشدہ بچوں کی تلاش اور انہیں ان کے خاندانوں سے دوبارہ ملانا بھی شامل ہے۔

ادارے کے اہم منصوبے ’’میرا پیارا‘‘ کو ڈبلیو ایس آئی ایس پرائزز 2026 میں گلوبل چیمپئن کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جو بچوں کے تحفظ اور سماجی بہبود کے شعبے میں اس کی خدمات کا اعتراف ہے۔ اس منصوبے کے تحت کئی ایسے بچوں کو تلاش کرکے ان کے والدین اور اہل خانہ سے ملایا گیا جو برسوں سے اپنے خاندانوں سے جدا تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی بچوں کے اغوا، گمشدگی، تشدد، بدسلوکی اور آن لائن استحصال سے متعلق شکایات پر فوری معاونت اور متعلقہ کارروائی میں سہولت فراہم کرتا ہے، تاکہ متاثرہ بچوں کو بروقت تحفظ دیا جا سکے۔

پی ایس سی اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ کسی بچے کی گمشدگی، تشدد، بدسلوکی یا تحفظ کو لاحق خطرے کی صورت میں فوری طور پر پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں اور ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی معاونت حاصل کرنے کے لیے 3 کا بٹن دبائیں۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ادارہ بچوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی سلامتی اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، معلومات پر مبنی پولیسنگ اور مربوط نظام کے ذریعے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.