بلوچستان میں 20 پولیس اہلکار اغوا، قلات سے نوشکی جاتے ہوئے لاپتا
بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کے دوران 20 پولیس اہلکاروں کے اغوا کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق مغوی اہلکار قلات کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں تربیت حاصل کر رہے تھے اور چھٹی پر اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے کہ راستے میں انہیں اغوا کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اہلکار ایک نجی مسافر وین میں قلات سے نوشکی کی جانب سفر کر رہے تھے۔ وہ سربند کے راستے نوشکی جا رہے تھے کہ ضلع قلات کی حدود میں انہیں اغوا کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مغوی اہلکاروں کو بعد ازاں ضلع مستونگ کی حدود میں لے جایا گیا، جہاں سے انہیں کسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد متعلقہ حکام نے اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ تاہم تاحال واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے والے کسی گروہ، اغوا کے محرکات یا اہلکاروں کے موجودہ مقام کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔