تازہ ترین

کراچی تا پشاور ریلوے منصوبہ، وزیراعظم کی اے ڈی بی حکام سے اہم ملاقات

0

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون ریلوے منصوبے پر عملی پیش رفت تیز کرنے اور اس کی تعمیر کا سنگ بنیاد جلد رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ جدید مال برداری، علاقائی تجارت اور پاکستان کی معاشی و تجارتی رابطہ کاری کے لیے انتہائی اہم ہے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ سے ملاقات کے دوران پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان ترقیاتی تعاون کا جائزہ لیا۔ جمعہ کو وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے ناشتے پر ہونے والی ملاقات میں 2026 سے 2030 کے لیے کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹیجی کے تحت ترجیحی شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف نے ایم ایل ون منصوبے کو مال برداری کے نظام میں بہتری اور علاقائی رابطوں کے فروغ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا تعلق بڑے صنعتی منصوبوں سے بھی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کے منصوبوں کے لیے اے ڈی بی کے تعاون کو سراہا۔

ملاقات میں پاکستان کی معاشی بحالی اور جاری اصلاحاتی اقدامات بھی زیر بحث آئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مالیاتی، ساختی اور گورننس اصلاحات کے نتیجے میں معاشی استحکام بحال ہوا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری اور کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ اپ گریڈ بھی مثبت پیش رفت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی معاونت، توانائی اور غذائی تحفظ، برآمدی مسابقت، مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں اے ڈی بی کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی اہداف کے حصول میں حائل انتظامی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے خصوصی ایگزیکیوشن ٹاسک فورسز بھی کام کر رہی ہیں۔

ملاقات میں دونوں جانب سے ترقیاتی ترجیحات کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے، پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اے ڈی بی اس سے قبل ایم ایل ون منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے ریلوے اصلاحات میں تعاون پر بھی آمادگی ظاہر کر چکا ہے۔

ایم ایل ون منصوبہ کراچی سے پشاور تک تقریباً 1733 کلومیٹر طویل ریلوے کوریڈور پر مشتمل ہے، جس پر کئی برس کی تاخیر کے بعد حکومت 2027 کے آغاز سے عملی کام دوبارہ شروع کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.