اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل نظام کو وسعت دینے سے مالیاتی معاملات میں شفافیت بہتر ہوگی اور عوام کا ریاستی نظام پر اعتماد مزید مضبوط ہوسکتا ہے، جبکہ حکومت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کو اہم ترجیح دے رہی ہے۔
شزا فاطمہ کے مطابق حکومت عوام کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے اور مالیاتی شعبے کو ڈیجیٹل خطوط پر منتقل کرنے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔ اس عمل سے نہ صرف معاملات میں شفافیت پیدا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ شہریوں کو جدید مالیاتی سہولتوں تک رسائی بھی حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل والٹس کے استعمال کو فروغ دینے اور مالیاتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ڈیجیٹل مالیاتی سہولتوں سے فائدہ اٹھاسکیں۔
وزیرِ مملکت نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کو ملکی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے کونسل کے تحت باہمی تعاون سے کام کررہے ہیں تاکہ سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جاسکے۔
شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال ملکی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے نئی سہولتیں پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔