پشاور: اسلام آباد کی جانب مجوزہ پی ٹی آئی مارچ کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری مشینری اور وسائل کے استعمال سے متعلق واضح ہدایات جاری کردی ہیں۔ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے متعلقہ افسران کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
چیف سیکریٹری کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ کوئی سرکاری افسر اسلام آباد کی جانب جانے والے مارچ، ریلی یا جلوس کی معاونت یا سہولت کاری نہیں کرے گا۔ اگر کسی افسر کو مارچ میں شرکت یا اس کی معاونت کے لیے کہا جائے تو وہ فوری طور پر چیف سیکریٹری یا انسپکٹر جنرل پولیس کو آگاہ کرے گا۔
ہدایات کے مطابق ایسے مارچ یا ریلی کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے اسلام آباد میں شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت، کاروباری و تجارتی سرگرمیوں، تعلیمی اداروں یا طبی سہولیات تک رسائی متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیاں، مشینری، آلات، عوامی فنڈز یا دیگر سرکاری وسائل کسی مارچ، جلوس یا ریلی کے لیے استعمال نہیں کیے جاسکیں گے۔ کسی سرکاری ملازم کو بھی احتجاج میں شرکت پر مجبور، آمادہ یا پابند نہیں کیا جائے گا۔
حکومت نے متعلقہ افسران اور اداروں کو عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ سرکاری افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
مارچ یا ریلی کے حوالے سے کسی رکاوٹ یا واقعے کی اطلاع کے لیے ہیلپ لائن 091-9210068 بھی فراہم کردی گئی ہے۔