تازہ ترین

پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بڑی بہتری، شہباز شریف کی قوم کو مبارکباد

0

اسلام آباد: پاکستان کی معیشت کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کرتے ہوئے اسے Caa1 سے بڑھا کر B3 کر دیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے۔

شہباز شریف نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت تمام متعلقہ وزرا اور حکام کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے حکومت کی مسلسل محنت اور اصلاحات کے نتیجے میں عالمی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ حکومت ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل مزید تیز کرے گی۔

وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ معاشی پالیسیوں کے تسلسل اور اصلاحات کے ذریعے پاکستان کی معاشی بنیادیں مزید مضبوط ہوں گی اور عالمی سطح پر ملک کی مالی ساکھ میں مزید بہتری آئے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.