تازہ ترین

ایران امریکا کشیدگی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی صدر، اسپیکر سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

0

ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایران کے دورے پر موجود فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر غالب باف سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال، امن و استحکام کی کوششوں اور ایران امریکا کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت اور مفاہمت کیلئے پاکستان کی جانب سے ماضی میں ادا کیے گئے کردار کو بھی اجاگر کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور موجودہ صورتحال میں مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے مسائل کے حل کی اہمیت برقرار ہے۔ پاکستان کی جانب سے دونوں فریقین کے درمیان رابطوں اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو خطے میں امن کے وسیع تر مقصد کا حصہ قرار دیا گیا۔

ملاقات میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر غالب باف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے ایران کے موقف کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ تہران اس مفاہمت کیلئے بدستور پرعزم ہے۔ انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ مفاہمت کے تحت اپنی ذمہ داریاں اور وعدے پورے کرے۔

غالب باف نے الزام عائد کیا کہ واشنگٹن متعدد مرتبہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت سے متعلق اپنی ذمہ داریوں پر عملدرآمد میں ناکام رہا ہے۔ ان کے مطابق مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ دونوں فریق اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

فوٹو آئی ایس پی آر ریلیز

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی مفاہمتی عمل کی کامیابی کیلئے فریقین کے درمیان باہمی اعتماد اور طے شدہ نکات پر عملدرآمد بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یک طرفہ اقدامات سے امن اور مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانا مشکل ہوگا۔

یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں سفارتی کوششیں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ پاکستان نے حالیہ عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان امن عمل کو آگے بڑھانے کیلئے سہولت کاری کا کردار ادا کیا ہے۔ اسی سفارتی کوشش کے سلسلے میں جون میں سوئٹزرلینڈ کے شہر برجن اسٹاک میں پاکستان اور قطر کی میزبانی میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات بھی ہوئے تھے، جن میں مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے معاملات زیر بحث آئے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا موجودہ دورہ ایران اس سال ان کا چوتھا دورہ ہے، جس کی وجہ سے اسے خاصی سفارتی اہمیت حاصل ہے۔ ایرانی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ان کی ملاقاتیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ پاکستان ایران کے ساتھ مسلسل اعلیٰ سطحی رابطے برقرار رکھتے ہوئے خطے میں امن اور کشیدگی میں کمی کیلئے اپنا سفارتی کردار آگے بڑھا رہا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی اسپیکر باقر قالیباف ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ بھی ہیں، ملاقات خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کے سلسلے میں ہوئی۔

باقر قالیباف نے کہا کہ ہم اسلام آباد ایم او یو کی شرائط پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں، امریکہ کو مفاہمت نامے کے تحت اپنی ذمہ داریوں اور وعدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.