اسلام آباد: بڑھتی ہوئی پٹرولیم قیمتوں کے باعث عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ریلیف اسکیم کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ہدایت کردی ہے، جس کے تحت 20 سال پرانی موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے بھی سبسڈی کے لیے رجسٹریشن کراسکیں گے۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے اب وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کے اہل ہوں گے۔ اس اقدام سے پرانے دو اور تین پہیوں والی گاڑیاں استعمال کرنے والے افراد بھی حکومتی فیول سبسڈی سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشوں، چنگ چی رکشوں اور دیگر دو و تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر تک پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جارہا ہے، جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر تک پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف مقرر ہے۔
یہ ریلیف اسکیم ملک بھر میں نافذ کردی گئی ہے، جس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق اسکیم سے تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایت پر فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے ایس ایم ایس سروس بھی مفت کردی گئی ہے۔ رجسٹریشن کے لیے شہری REG، اسپیس، شناختی کارڈ نمبر، اسپیس، گاڑی کا نمبر، اسپیس، رجسٹرڈ صوبے کا پہلا حرف، اسپیس، گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ لکھ کر 9771 پر بھیج سکتے ہیں۔