نئی دہلی میں NEET پیپر لیک تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا، حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدے پورے نہ ہونے پر کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) نے 5 ستمبر کو انڈیا گیٹ سے دہلی پولیس ہیڈکوارٹر تک پُرامن مارچ کا اعلان کردیا۔
تنظیم کے مطابق جنتر منتر پر احتجاج ختم ہوئے ابھی چار ہفتے ہی گزرے ہیں، تاہم 25 جولائی کو حکومت کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں پر عمل نہ ہونے کے باعث دوبارہ احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
CJP کا مؤقف ہے کہ حکومت نے NEET پیپر لیک تنازع کے بعد خودکشی کرنے والے امیدواروں کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے اور احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے خلاف درج ایف آئی آر ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن یہ مطالبات تاحال پورے نہیں ہوئے۔
تنظیم کا دعویٰ ہے کہ سپریم کورٹ نے بھی مظاہرین کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کی تھیں تاکہ ان پر کارروائی کی جاسکے، تاہم حکومتی سطح پر معاملہ اب بھی تاخیر کا شکار ہے۔
5 ستمبر کو ہونے والے مارچ کی قیادت مبینہ طور پر ان طلبہ کے اہل خانہ کریں گے جنہوں نے NEET تنازع کے دوران اپنی جانیں گنوائیں، جبکہ پولیس لاٹھی چارج کا سامنا کرنے والے طلبہ بھی مارچ میں شریک ہوں گے۔
کاکروچ جنتا پارٹی کے مطابق احتجاج پُرامن ہوگا، تاہم حکومت کی جانب سے وعدے پورے نہ کیے گئے تو NEET پیپر لیک کے معاملے پر احتجاجی تحریک دوبارہ شدت اختیار کرسکتی ہے۔