تازہ ترین

پاکستانی برآمدات میں اضافے کا پلان تیار، حکومت نے اہم ہدایات جاری کردیں

0

پاکستان کی برآمدات میں اضافے اور عالمی منڈیوں میں رسائی بڑھانے کیلئے حکومت نے عملی اقدامات تیز کردیئے، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے فارن ٹریڈ ونگز کو مختلف ممالک کیلئے الگ الگ ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

وفاقی وزیر تجارت نے وزارت کے فارن ٹریڈ ونگز کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی، جس میں پاکستان کی برآمدی کارکردگی، دوطرفہ تجارت اور مختلف تجارتی معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

جام کمال خان نے ہدایت کی کہ ملک وار ایکشن پلان میں ترجیحی مصنوعات، مارکیٹ تک رسائی میں حائل رکاوٹوں، لاجسٹکس اور بینکنگ کے مسائل، ممکنہ خریداروں اور زیرِ التوا ادارہ جاتی معاملات کو شامل کیا جائے۔

انہوں نے ابھرتی ہوئی منڈیوں میں برآمدات کے حوصلہ افزا رجحان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مارکیٹ diversification، کاروباری روابط مضبوط بنانے اور بیرون ملک تجارتی مشنز کے ساتھ قریبی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستانی چاول، ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، ادویات، تیار شدہ خوراک، لائٹ انجینئرنگ مصنوعات اور سروسز کیلئے نئی برآمدی منڈیوں اور مواقع تلاش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

جام کمال خان نے کہا کہ تجارتی معاہدوں سے پاکستان کو متوازن اور تجارتی لحاظ سے بامعنی فوائد حاصل ہونے چاہئیں۔ موجودہ معاہدوں کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے جبکہ زیرِ التوا Joint Trade Committee اور Joint Working Group کے اجلاس بھی جلد منعقد کیے جائیں۔

انہوں نے وزارت تجارت، وزارت خارجہ، بیرون ملک پاکستانی مشنز، چیمبرز آف کامرس اور تجارتی تنظیموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری پر بھی زور دیا تاکہ سفارتی روابط کو عملی برآمدی اور سرمایہ کاری کے نتائج میں تبدیل کیا جاسکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی برآمد کنندگان نے روایتی اور ابھرتی ہوئی دونوں منڈیوں میں بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے، اس لیے توجہ رکاوٹیں دور کرنے، برآمدات کو متنوع بنانے اور ہر تجارتی رابطے کو قابلِ پیمائش معاشی فائدے میں تبدیل کرنے پر ہونی چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.