کراچی میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور جلوسوں و ریلیوں کے دوران شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بھاری گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 11 اور 12 ربیع الاول کو کراچی میں ڈمپر، ٹینکرز اور دیگر ہیوی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا، جبکہ 25 اور 26 اگست کو بھی بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق 11 ربیع الاول سے 12 ربیع الاول کی شب تک بھاری گاڑیوں کو شہر میں چلانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جشنِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مختلف جلوسوں اور ریلیوں کے پیش نظر ٹریفک انتظامات سخت کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ ہو اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جاسکے۔
ٹریفک پولیس نے گڈز ٹرانسپورٹ، ڈمپر، واٹر ٹینکر اور دیگر بھاری گاڑیوں کے مالکان سے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ شہریوں کو بھی ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔