اسلام آباد- وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور امریکی سفیر نٹالی بیکر کے درمیان ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی، امن کی کوششوں اور پاکستان امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے مشترکہ اقدامات اور تربیتی پروگرامز کے امور بھی زیر بحث آئے۔ دونوں جانب سے منظم جرائم، منشیات کی اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ امریکی سفیر نٹالی بیکر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن اور سیکیورٹی کے فروغ میں ان کے کردار کی تعریف کی۔
ملاقات میں وفاقی سیکریٹری داخلہ بھی شریک تھے، جہاں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون اور علاقائی امور پر باہمی رابطے مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔