اسلام آباد- نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی بڑے پیمانے کی تباہی پر پاکستان نے تشویش اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فوری امداد کی پیشکش کردی، وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے نیپالی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نیپال کے وزیراعظم بالیندر شاہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں نیپال میں حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے نیپالی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون اور امداد کی پیشکش کی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے نیپال کو ہنگامی امدادی سامان بھیج رہا ہے، تاکہ متاثرہ افراد کی مدد کی جاسکے اور جاری امدادی کارروائیوں میں سہولت فراہم ہو۔
اس موقع پر نیپال کے وزیراعظم بالیندر شاہ نے ٹیلی فونک رابطے اور قدرتی آفت کے بعد پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی و حمایت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
بالیندر شاہ نے پاکستان کی جانب سے امداد کی پیشکش پر بھی اظہارِ تشکر کیا اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کی اہمیت کو سراہا۔