ملک میں بجلی کی طلب اور پیداوار کے درمیان فرق ایک بار پھر بڑھ گیا ہے، جس کے باعث پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ طویل ہوگیا ہے اور مجموعی شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ لاہور میں شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض علاقوں میں ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کے لیے بجلی بند کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا شارٹ فال بھی 1200 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے، جبکہ ملک میں مجموعی بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں سولر بجلی کی پیداوار کے باعث شارٹ فال نسبتاً کم رہتا ہے۔ ملک میں سولر ذرائع سے روزانہ تقریباً 7 ہزار میگاواٹ بجلی حاصل ہورہی ہے، جس سے دن کے وقت بجلی کی کمی کسی حد تک کم ہوجاتی ہے۔
این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی ہے، جس کے باعث بجلی کی مجموعی پیداوار اور طلب کے درمیان فرق مزید بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی کا جہاز مقررہ وقت پر پورٹ پر نہ پہنچنے کے باعث گیس کے بحران میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق گیس اور تیل کی بچت کے لیے متعدد پاور پلانٹس کو ان کی مکمل صلاحیت کے بجائے کم استعداد پر چلایا جارہا ہے، جس سے بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔
بجلی کی پیداوار میں کمی اور شارٹ فال میں اضافے کے باعث مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے، جبکہ شہریوں کو شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی طویل بندش کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔