تازہ ترین

ایران سے لین دین، چینی بینکوں پر پابندیوں کا امکان

0

واشنگٹن- امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مالی اور تجارتی روابط رکھنے والے چینی بینکوں کے خلاف بھی پابندیاں عائد کیے جانے کا عندیہ دے دیا، جس سے امریکا اور چین کے درمیان مالی و تجارتی کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا کہ آیا امریکا ایران سے متعلق لین دین پر چینی بینکوں کے خلاف بھی پابندیاں عائد کرے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوال کا براہِ راست ہاں یا ناں میں جواب دینے کے بجائے کہا کہ کس نے کہا ہے کہ وہ ایسا نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ نہیں جانتے کہ وہ ایسا کر رہے ہیں یا نہیں، کیونکہ انہیں ہر اقدام کا پہلے سے اعلان کرنے کی ضرورت نہیں۔

صدر ٹرمپ کا یہ مبہم لیکن سخت لہجے میں دیا گیا جواب بین الاقوامی حلقوں میں توجہ کا باعث بنا ہے، کیونکہ اس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ مالی روابط رکھنے والے اداروں کے خلاف اپنی پابندیوں کا دائرہ مزید وسیع کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے اب تک بڑے چینی بینکوں کے خلاف براہِ راست ایسی پابندیاں عائد نہیں کیں۔

تاہم امریکا اس سے قبل چین اور ہانگ کانگ میں قائم متعدد کمپنیوں کے خلاف پابندیاں اور دیگر سزائیں عائد کرچکا ہے۔ ان کمپنیوں پر ایرانی حکومت اور اس کی مسلح افواج کو مالی یا تجارتی معاونت فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

تازہ بیان کے بعد یہ سوال اہم ہوگیا ہے کہ آیا امریکا مستقبل میں ایران کے ساتھ مالی لین دین میں ملوث چینی مالیاتی اداروں کے خلاف بھی کارروائی کرے گا یا نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.