کراچی: پاکستانی روپے نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں معمولی بہتری کا سلسلہ برقرار رکھا اور کاروباری ہفتے کے آخری روز مقامی کرنسی ایک پیسے کے اضافے کے ساتھ 277.50 روپے فی ڈالر پر بند ہوئی۔
جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر 277.51 روپے تھی، جو جمعہ کو معمولی بہتری کے بعد 277.50 روپے پر آگئی۔
عالمی سطح پر بھی امریکی ڈالر جمعہ کو بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں تقریباً مستحکم رہا اور ایک ہفتے کی بلند سطح کے قریب دیکھا گیا۔
یورو اور برطانوی پاؤنڈ بھی ڈالر کے مقابلے میں ایک ہفتے کی کم ترین سطح کے قریب رہے۔ یورو 1.1652 ڈالر جبکہ پاؤنڈ 1.3597 ڈالر پر موجود رہا، تاہم دونوں کرنسیوں کے مسلسل دوسری ماہانہ بہتری کی جانب گامزن رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب جاپانی ین 159.34 فی ڈالر پر تقریباً مستحکم رہا۔ حالیہ مداخلت کے باعث حاصل ہونے والی کچھ بہتری واپس لینے کے باوجود ین ماہانہ بنیاد پر 1.3 فیصد اضافے کی جانب بڑھ رہا تھا۔
ڈالر انڈیکس، جو چھ بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر کو ظاہر کرتا ہے، ایشیائی کاروبار کے ابتدائی اوقات میں 99.13 کی سطح پر تقریباً مستحکم رہا۔
ادھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی جمعہ کو کمی ریکارڈ کی گئی اور دونوں اہم بینچ مارک دو ہفتوں سے جاری اضافے کا سلسلہ ختم کرنے کی جانب بڑھ رہے تھے۔
برینٹ خام تیل کے سودے 25 سینٹ یا 0.3 فیصد کمی کے بعد 89.45 ڈالر فی بیرل پر آگئے، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 22 سینٹ یا 0.3 فیصد کمی کے بعد 83.31 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔