لکی مروت: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش بمبار سمیت دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک زخمی مشتبہ شخص فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق گنڈی چوک کے مقام پر کالے شیشوں والی ایک مشکوک گاڑی کو دیکھ کر پولیس ٹیم موقع پر پہنچی۔ اہلکاروں کو دیکھتے ہی گاڑی میں سوار افراد نے فائرنگ شروع کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے میں گاڑی میں سوار دو افراد ہلاک ہوگئے، جن میں ایک مشتبہ خودکش بمبار بھی شامل ہے، جبکہ تیسرا زخمی ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس نے گاڑی سے اسلحہ، گولہ بارود، کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا جھنڈا، خواتین کے برقعے اور دیگر مشکوک اشیا برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
حکام کے مطابق پولیس تفتیش کر رہی ہے کہ مشتبہ افراد کا ممکنہ ہدف کیا تھا اور وہ کس منصوبے پر عمل کرنے جا رہے تھے۔ واقعے کے بعد پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جبکہ فرار ہونے والے زخمی ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس نے ہلاک افراد کی لاشیں تحویل میں لے کر ان کی شناخت کا عمل شروع کردیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے لکی مروت پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کی جرات اور عوام کے تحفظ کے لیے جان خطرے میں ڈالنے کے جذبے کی تعریف کی۔