فخر زمان کی ون ڈے رینکنگ میں 9 درجے ترقی، 37ویں نمبر پر آگئے
دبئی: آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے آئی سی سی ٹیسٹ بولرز کی تازہ عالمی رینکنگ میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے، جبکہ گزشتہ ہفتے نمبر ون بننے والے جنوبی افریقی آل راؤنڈر مارکو جینسن دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ کے بعد جاری ہونے والی رینکنگ میں یہ تبدیلی سامنے آئی۔ مچل اسٹارک نے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں، تاہم آسٹریلیا کو 176 رنز سے شکست ہوئی اور اسے سیریز میں 1-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی افریقا کے اسپنر سائمن ہارمر نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ وہ عالمی رینکنگ میں 9 درجے ترقی کے بعد ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں مارکو جینسن بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ ویان مولڈر تیسرے اور سائمن ہارمر پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔
دوسری جانب ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے فخر زمان نے بھی نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔ فائنل میں 127 رنز کی فیصلہ کن اننگز کھیلنے کے بعد وہ 9 درجے بہتری کے ساتھ 37ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔