تازہ ترین

حکومت کا سردیوں میں گیس کی فراہمی برقرار رکھنے کا منصوبہ

0

حکومت نے مستحق خاندانوں کو ایل پی جی کی خریداری پر مالی ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اعداد و شمار سے استفادہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق اس اقدام کا مقصد مستحق افراد کو مہنگی گیس کے بوجھ سے ریلیف دینا ہے۔

اپنے بیان میں وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ عالمی منڈی کے نرخوں کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت تقریباً 450 روپے بنتی ہے، تاہم بعض عناصر اس کی فروخت میں ناجائز منافع خوری کر رہے ہیں۔ حکومت عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ ایل پی جی کی درآمد کا عمل مسابقتی بنیادوں پر کھولا جا رہا ہے، جبکہ تمام متعلقہ کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس پر ایل پی جی کے نرخ ظاہر کرنا ہوں گے۔ مقامی طور پر تیار ہونے والی ایل پی جی کی فراہمی بھی نیلامی کے ذریعے کی جائے گی تاکہ قیمتوں کے تعین میں شفافیت اور مسابقت کو فروغ دیا جاسکے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ دسمبر اور جنوری کے دوران ملک میں گیس کی فراہمی برقرار رکھی جائے تاکہ سردیوں میں صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑنے دیا جائے۔ حکومت شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ایل پی جی سے متعلق فیصلوں کی کابینہ سے منظوری بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.