تازہ ترین

ایران سے مبینہ تعلقات، امریکا نے بھارت اور ترکیہ کی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردیں

0

واشنگٹن: امریکا نے ایران کے ساتھ مبینہ کاروباری اور مالی روابط رکھنے کے الزام میں بھارت اور ترکیہ سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد اور کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایرانی حکومت کی معاونت کرنے والے نیٹ ورکس کی سرگرمیوں کو روکنا ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے شروع کیے گئے آپریشن ’’اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کا حصہ ہے، جس کے تحت ایران کی مدد کرنے والے افراد اور اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پابندیوں کی فہرست میں بھارت میں مقیم سنیل کمار شرما اور ان کی اہلیہ جسپریت پریتی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سنیل کمار شرما سے منسلک مزید 9 اداروں پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

امریکی حکام نے الزام لگایا ہے کہ ان افراد اور اداروں کے نیٹ ورک نے ایران سے تیل منتقل کرنے والے جہازوں کو جعلی پرچم اور سرٹیفکیٹس فراہم کیے، جس سے ایرانی تیل کی نقل و حمل کے لیے مبینہ بحری فراڈ میں سہولت فراہم کی گئی۔

اسی کارروائی کے دوران ترکیہ کی کمپنی فوگو گراؤنڈ سروسز کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق کمپنی نے ایران کے فضائی شعبے کی معاونت کی اور ایرانی تیل کی خفیہ ترسیل سے منسلک نیٹ ورک کی سرگرمیوں میں بھی کردار ادا کیا۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ آپریشن ’’اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کے ذریعے واضح پیغام دیا جا رہا ہے کہ ایران کی معاونت کرنے والے ممالک، کمپنیوں اور افراد کو امریکی اقدامات کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کی مدد جاری رکھنے والے افراد اور اداروں کے خلاف پابندیوں کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.