کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، جس کے بعد ان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔
ان کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک کے مطابق شاہ محمود قریشی اپنی بیرک میں چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک انہیں چکر آئے اور وہ گر پڑے، جس کے نتیجے میں ان کے گھٹنے اور بازو پر چوٹیں آئیں۔
بیرسٹر تیمور ملک نے بتایا کہ جیل حکام نے شاہ محمود قریشی کے خون کے نمونے حاصل کرکے شوکت خانم اسپتال بھجوا دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے مشورے پر شاہ محمود قریشی کے سی ٹی اسکین اور علاج معالجے کے لیے درخواست دائر کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کوٹ لکھپت جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین خان نیازی کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ وکیل رانا مدثر عمر کے مطابق نورین نیازی کو دل میں تکلیف کے باعث پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، جہاں ان کے ابتدائی ٹیسٹ کیے گئے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خانم اور نورین نیازی کی نظر بندی کے نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔ جسٹس عبہر گل خان نے درخواستوں کی سماعت کی، جس میں درخواست گزاروں کے وکیل رانا مدثر عمر نے عدالت سے نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا کی تھی۔