کوئٹہ: بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام، غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور ترقیاتی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے صوبائی حکومت نے اپنی کوششیں مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس کا 29واں اجلاس وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، انتظامی اقدامات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی اور صوبائی اداروں، متعلقہ محکموں اور سیکیورٹی فورسز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور مختلف علاقوں میں جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ سیکیورٹی اور ترقیاتی امور میں اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس میں اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کو اہم ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے پوست کی غیر قانونی کاشت کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری رکھنے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔
اجلاس میں بی ایریاز کو اے ایریاز میں تبدیل کرنے کے جاری عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کو صوبے کے تمام ڈویژنز میں مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ریاستی عملداری اور ترقیاتی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط حکمتِ عملی اور مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
کانفرنس کے شرکاء نے صوبے کے پرامن اور روشن مستقبل کے لیے حکومتی اقدامات جاری رکھنے اور سیکیورٹی، انتظامی اور ترقیاتی شعبوں میں بہتری لانے کے عزم کا اظہار کیا۔