تازہ ترین

چوہدری سالک کا پنجاب حکومت سے متعلق بیان سیاسی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، خواجہ آصف

0

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پنجاب حکومت میں کرپشن سے متعلق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ بیان وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کو نشانہ بنا کر پنجاب میں اپنے لیے سیاسی جگہ بنانے کی کوشش ہے تو اس کی منطق سمجھ میں آتی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری سالک حسین ان کے لیے قابل احترام ہیں اور وہ ان کے بزرگوں کا بھی اپنے بزرگوں کی طرح احترام کرتے ہیں، تاہم پنجاب میں کرپشن سے متعلق ان کا بیان ان کی سیاسی سمجھ سے بالاتر ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ کرپشن معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کی ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت تمام سیاسی قیادت پر عائد ہوتی ہے۔ چوہدری سالک حسین وفاق اور پنجاب دونوں حکومتوں کا حصہ ہیں، جہاں مسلم لیگ (ن) کی قیادت موجود ہے، اس لیے انہیں الگ سے تنقید کرنے کے بجائے مل کر کرپشن کے خلاف کام کرنا چاہیے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر چوہدری سالک کا بیان کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے اور اس کے ذریعے مریم نواز حکومت کو نشانہ بنا کر پنجاب اور وفاق میں اپنے لیے جگہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تو پھر اس کی وجہ سمجھ میں آتی ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے کے شہروں اور دیہات میں عوامی خدمت کے نئے معیار قائم کر رہی ہیں، جس کے باعث سیاسی مخالفین کے لیے ان کا مقابلہ کرنا مشکل ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.