کوئٹہ: طویل خشک موسم کے بعد کوئٹہ اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی بارش سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ بارش کے باعث فضا میں ٹھنڈک اور تازگی بڑھ گئی۔
بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں سمیت نواحی علاقوں اور پہاڑوں پر بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش سے قدرتی مناظر مزید دلکش ہوگئے، جبکہ خشک اور گرد آلود فضا میں بھی نمایاں تبدیلی محسوس کی گئی۔
طویل عرصے سے بارش کے منتظر شہریوں نے موسم کی تبدیلی پر خوشی کا اظہار کیا اور بارش کو قدرت کی نعمت قرار دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔ شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چمن، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گردونواح میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جس سے فضا میں موجود گردوغبار کم ہونے اور موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات اور زیارت میں یہ درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ ژوب میں 13، چمن میں 11، نوکنڈی میں 18، سبی میں 21، تربت میں 22، گوادر میں 19 اور جیوانی میں 20 ڈگری سینٹی گریڈ کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔