غیر معیاری مٹیریل استعمال کرنے والے ٹھیکیدار بلیک لسٹ ہوں گے، وزیر تعمیرات
صحبت پور: صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے نصیرآباد ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کام میں بلاجواز تاخیر یا غیر معیاری مٹیریل استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
انہوں نے یہ ہدایات نصیرآباد زون کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں چیف انجینئر نصیرآباد زون محمد بشیر ناصر، سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور روڈز و بلڈنگ سیکٹر کے ضلعی انجینئرنگ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران چیف انجینئر نے جاری ترقیاتی اسکیموں پر منصوبہ وار بریفنگ دی۔ ان منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا جنہیں مالی یا تکنیکی مسائل کا سامنا ہے، تاکہ رکاوٹیں دور کرکے کام کی رفتار بہتر بنائی جاسکے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن صوبے کی زرعی گرین بیلٹ ہے، جہاں بہتر سڑکیں زرعی پیداوار کو بروقت منڈیوں تک پہنچانے کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے مالی یا تکنیکی مسائل کے باعث سست روی کا شکار منصوبوں کی رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کی۔
میر سلیم احمد کھوسہ نے متعلقہ انجینئرز کو ٹھیکیداروں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کرنے اور غیر معیاری مٹیریل یا بلاجواز تاخیر کی صورت میں نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوٹس کے باوجود پیش رفت نہ ہونے پر ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کرنے کی کارروائی کی جائے۔
صوبائی وزیر نے مکمل ہونے والی عمارتوں کی اسکیمیں جلد متعلقہ محکموں کے حوالے کرنے اور افسران کو خود منصوبوں کا دورہ کرکے کام کی رفتار، معیار اور عملے کی حاضری کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبے بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔