تازہ ترین

27 اکتوبر:کشمیری آج یومِ سیاہ منا رہے ہیں، دنیا بھر میں حقِ خودارادیت کے لیے احتجاج

0

27 اکتوبر کا دن پاکستان، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کے لیے احتجاج اور حقِ خودارادیت کے مطالبے کی علامت ہے۔ کشمیری آج یومِ سیاہ منا رہے ہیں تاکہ عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرائی جا سکے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازع کے حل کا مطالبہ اجاگر ہو۔

کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ مناتے ہیں۔ ان کے مطابق 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج کی سری نگر آمد اور اس کے بعد کشمیر پر بھارتی کنٹرول کے خلاف احتجاج کے طور پر یہ دن منایا جاتا ہے۔

یومِ سیاہ کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی گئی ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں آباد کشمیری برادری بھی ریلیوں اور دیگر احتجاجی سرگرمیوں کے ذریعے اپنے مطالبات پیش کرے گی۔

ان سرگرمیوں کے ذریعے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں یومِ سیاہ کے سلسلے میں شاہراہِ سری نگر پر کنٹرول لائن کی جانب مارچ کیا جائے گا۔ مارچ کے شرکا ضلع جہلم ویلی کی تحصیل ہٹیاں بالا میں بھارت کے خلاف احتجاج بھی کریں گے۔

کشمیری رہنماؤں اور مظاہرین کا مؤقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل اور خطے میں پائیدار امن کے لیے کشمیری عوام کی خواہشات کو اہمیت دینا ضروری ہے۔ یومِ سیاہ کے موقع پر ہونے والی سرگرمیوں کا مقصد اسی مطالبے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.