تازہ ترین

ایل پی جی کی سپلائی بحال، قیمت میں 70 روپے فی کلو تک کمی متوقع

0

ملک میں ایل پی جی کی سپلائی بہتر ہونے لگی، جس کے بعد قیمتوں میں فی کلو 50 سے 70 روپے تک کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ پورٹ قاسم پر ایل پی جی کے دو بحری جہاز لنگر انداز ہونے اور پاک ایران سرحد کے ذریعے گیس کی ترسیل دوبارہ شروع ہونے سے مارکیٹ میں رسد بڑھنے کی امید ہے۔

پورٹ ذرائع کے مطابق کراچی کے پورٹ قاسم پر ایل پی جی لے کر آنے والے دو جہاز پہنچ چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس جی سی کے ٹرمینل پر پریانیس نامی جہاز سے 4 ہزار 250 میٹرک ٹن جبکہ اینگرو ٹرمینل پر الیسا ون نامی جہاز سے 3 ہزار 83 میٹرک ٹن ایل پی جی آف لوڈ کی گئی۔

دوسری جانب مارکیٹ ذرائع کے مطابق پاک ایران سرحد پر واقع گبد ریمدان بارڈر سے بھی ایل پی جی کے باؤزرز کی سپلائی دوبارہ بحال ہوگئی ہے۔ بارڈر پر پھنسے 200 سے زائد باؤزرز کی کلیئرنس کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ان باؤزرز کی آمد سے مارکیٹ میں مزید 3 سے 4 ہزار ٹن ایل پی جی فراہم ہونے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق درآمدی سپلائی میں بہتری اور زمینی راستوں سے ترسیل بحال ہونے کے بعد ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتیں فی کلو 50 سے 70 روپے تک کم ہو سکتی ہیں۔ تاہم قیمتوں میں حقیقی کمی کا انحصار مارکیٹ میں اضافی گیس کی دستیابی اور سپلائی کی صورت حال پر ہوگا۔

ایل پی جی کی رسد میں اضافے سے جاری بحران میں کمی اور گھریلو صارفین کو ریلیف ملنے کی امید ہے، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں کھانا پکانے کے لیے ایل پی جی استعمال کی جاتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.