تازہ ترین

یورپ کے کئی ممالک میں مہنگائی کے خلاف مظاہرے، پولیس سے جھڑپیں

0

یورپ کے مختلف ممالک میں مہنگائی، کم اجرت، رہائش کے بڑھتے اخراجات اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن کے دوران اٹلی، فرانس، اسپین اور دیگر مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ بعض علاقوں میں پولیس نے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا، جبکہ متعدد افراد کو گرفتار یا حراست میں لیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہفتے کے روز اٹلی کے دارالحکومت روم کے علاوہ میلان، ٹیورن اور بولونیا سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مہنگائی، جنگ، کم اجرت اور عوامی سہولتوں کی صورت حال پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ روم، ٹیورن اور بولونیا میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جبکہ میلان میں احتجاج بڑی حد تک پُرامن رہا۔

اطالوی پولیس کے مطابق مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران 9 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 371 افراد کو مختصر وقت کے لیے حراست میں لیا گیا۔

فرانس میں بھی احتجاج کے دوران ممکنہ بدامنی کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے۔ حکام نے ملک بھر میں 70 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے، جبکہ پیرس میں فوجی اہلکاروں نے اہم مقامات پر گشت کیا۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث کئی دکانیں اور ثقافتی مراکز بھی بند رکھے گئے۔

اسپین میں مظاہرین نے رہائش کے بڑھتے اخراجات، تعلیم اور عوامی خدمات سے متعلق مسائل پر احتجاج کیا۔ بارسلونا میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز اور البانیہ میں بھی مظاہرے کیے گئے۔ مختلف ممالک میں احتجاج کی وجوہات میں مہنگائی، بے روزگاری، رہائش کا بحران، تعلیم سے متعلق مسائل اور حکومتی پالیسیوں پر اختلافات شامل تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.