شاہد رند ڈیجیٹل خواندگی اور عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے، معاون وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ ترقیاتی امور سے متعلق درست اور مستند معلومات تک عوام کی رسائی ان کا بنیادی حق ہے، جبکہ باخبر شہری شفاف حکمرانی، مؤثر منصوبہ بندی اور پائیدار ترقی کے عمل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ عالمی یومِ ترقیاتی معلومات کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے عوامی آگاہی اور معلومات کی فراہمی کو ترقیاتی عمل کا لازمی حصہ قرار دیا۔
شاہد رند نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے مقاصد، پیش رفت اور عوام کے لیے ان کے فوائد سے شہریوں کو آگاہ کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق معلومات تک رسائی سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو فروغ ملتا ہے بلکہ اداروں کی جوابدہی اور منصوبوں کی مؤثر نگرانی میں بھی بہتری آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی شعور میں اضافہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ درست اعداد و شمار اور قابلِ اعتماد معلومات کی دستیابی ترقیاتی وسائل کی منصفانہ تقسیم میں معاون ثابت ہوسکتی ہے، جبکہ اس سے عوامی فلاح کے منصوبوں کے فوائد مستحق افراد تک پہنچانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچنے چاہییں، خصوصاً پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو بنیادی سہولیات اور حکومتی منصوبوں سے متعلق معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہے اور حکومتی اقدامات سے شہریوں کو آگاہ کرنے میں اس کا نمایاں کردار ہے۔
شاہد رند کے مطابق عوام کو آسان، قابلِ فہم اور مستند معلومات فراہم کرنے سے شفافیت، جوابدہی اور عوامی شرکت پر مبنی ترقیاتی عمل کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عوامل پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہیں اور ان کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو عوامی ضروریات سے زیادہ مؤثر انداز میں ہم آہنگ کیا جاسکتا ہے۔