تازہ ترین

بلوچستان کی پہلی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی جدید حکومتی نظام کی جانب اہم قدم ہے، وزیراعلیٰ

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی اقدامات سے متعلق درست اور مستند معلومات تک عوام کی بروقت رسائی شفاف حکمرانی، ادارہ جاتی جوابدہی اور حکومتی اداروں پر اعتماد بڑھانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ عالمی یومِ ترقیاتی معلومات کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور عوامی آگاہی کو پائیدار ترقی کے اہم تقاضے قرار دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی پہلی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کا اجرا حکومتی نظام کو جدید ابلاغی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس پالیسی کے ذریعے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومتی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے پروگراموں سے متعلق معلومات زیادہ تیزی اور مؤثر انداز میں شہریوں تک پہنچائی جاسکتی ہیں۔

میر سرفراز بگٹی کے مطابق باخبر شہری نہ صرف ترقیاتی عمل میں مؤثر شرکت کرسکتے ہیں بلکہ حکومتی اقدامات کی نگرانی اور متعلقہ اداروں سے جوابدہی کے عمل میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات سے متعلق مستند معلومات کی فراہمی بالخصوص بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے عوام کے لیے ضروری ہے، تاکہ وہ دستیاب سہولیات اور حکومتی پروگراموں سے بہتر طور پر مستفید ہوسکیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ ترقی کا مقصد صرف منصوبوں کی تکمیل نہیں بلکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا بھی ہے۔ ان کے مطابق شفاف معلومات، عوامی آگاہی اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال بہتر طرزِ حکمرانی اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق معلومات کی بروقت فراہمی عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.