تازہ ترین

وزیراعظم کا 5 لاکھ طلبا میں کروم بکس اور انٹرنیٹ فراہم کرنے کا اعلان

0

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے اسکولوں اور مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طلبا و طالبات کو کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت کی بنیاد پر محدود نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے بااختیار بنانے کے لیے ایک اہم سفر شروع کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے غیرملکی مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جتنے وسائل درکار ہوں گے، فراہم کیے جائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم ایسی دولت ہے جسے کوئی چھین نہیں سکتا اور یہی انسان کو معاشرے میں ممتاز مقام دلاتی ہے۔ ان کے مطابق آئندہ دو سال کے دوران پانچ لاکھ طلبا و طالبات کو کروم بکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ تقسیم کا عمل قابلیت اور محنت کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے مطابق طلبا کو کروم بکس کے ساتھ کتابوں اور دیگر سامان کے لیے بیگ اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والے مائی فائی آلات بھی دیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد طلبا کو گھروں میں بیٹھ کر ای لائبریریوں سے استفادہ کرنے اور دنیا بھر میں دستیاب تعلیمی مواد تک رسائی حاصل کرنے کے مواقع دینا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے طلبا اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں گے اور مستقبل میں ملک کے قابل اور نمایاں افراد میں شمار ہوں گے۔

وزیراعظم نے ماضی کے پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دورِ حکومت میں نواز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے چھ لاکھ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بتایا تھا کہ اس تقریب میں ملک بھر سے نوجوان طلبا و طالبات بڑی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.