تازہ ترین

وزیراعظم سے لاہور چیمبر کے فاؤنڈرز گروپ کی ملاقات، سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال

0

اسلام آباد: ملکی معیشت کو مستحکم بنانے، صنعتی سرگرمیوں میں اضافے اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے فاؤنڈرز گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام میں کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور کاروبار کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اس موقع پر صنعتوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ وفد نے وزیراعظم کو تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔

وفد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور سرمایہ کار دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کی حیثیت سے وزیراعظم شہباز شریف کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک بھی شریک تھے۔

لاہور چیمبر کے وفد میں میاں مصباح الرحمٰن، فاروق افتخار، شیخ محمد آصف، شہزاد ملک، الماس حیدر، شاہد حسن شیخ، عبدالباسط، میاں طارق مصباح، کاشف انور شیخ اور میاں خالد مصباح شامل تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.