جے ڈی وینس کا اسرائیلی انتخابات سے لاتعلقی کا اعلان
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی انتخابی مہم کی حمایت کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کی انتخابی سیاست میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔
یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نیتن یاہو کی کھل کر حمایت کے اعلان کے بعد سامنے آیا۔ ایک پروگرام میں انٹرویو کے دوران جے ڈی وینس سے پوچھا گیا کہ آیا وہ بھی صدر ٹرمپ کی طرح اسرائیلی وزیراعظم کی حمایت کریں گے۔
جواب میں امریکی نائب صدر نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی حمایت سیاسی تاریخ میں انتہائی مؤثر سمجھی جاتی ہے، تاہم ان کی اپنی توجہ امریکی امیدواروں اور ملک میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات پر مرکوز ہے۔
جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ وہ نہ نیتن یاہو کی حمایت کر رہے ہیں اور نہ ان کی مخالفت، بلکہ اسرائیل کے انتخابی عمل سے خود کو الگ رکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے نیتن یاہو کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔