اسلام آباد میں ہونہار طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے دانش اسکول کا افتتاح کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جہاں انہیں ادارے کے تعلیمی نظام، عمارت اور دستیاب سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
حکام کے مطابق دانش اسکول اسلام آباد 30 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے، جہاں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت سے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ادارے میں ذہین طلبہ و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 360 ذہین طلبہ و طالبات کو سو فیصد میرٹ پر داخلہ دیا گیا ہے۔ ہر جماعت میں 120 بچے اور بچیاں زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ تدریسی امور کے لیے ابتدائی طور پر 38 اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں۔ طلبہ کی ضروریات کے مطابق اساتذہ کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
اسکول میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ تعلیمی بلاکس قائم کیے گئے ہیں۔ ہر بلاک میں 24 کلاس رومز کے علاوہ جدید آئی ٹی، سائنس اور روبوٹکس لیبارٹریز بھی موجود ہیں۔
حکام کے مطابق طلبہ کی تعلیمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ای لائبریری اور آرٹ روم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔