1. مستونگ میں دو دہشت گرد ہلاک، غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام
بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سیکیورٹی کارروائیوں کے دوران مستونگ میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ دشت اور تربت سے 104 افغان شہری گرفتار کر لیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے پرنگ آباد کے قریب دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب دشت اور تربت میں انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں کی گئیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ایران اور یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش کرنے والے 104 افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان برقرار رکھنے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔