تازہ ترین

پاکستان اور روس کا سیکیورٹی روابط مضبوط بنانے پر زور، جی ایچ کیو میں اہم ملاقات

0

پاکستان اور روس نے دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں میں بہتری لانے پر زور دیا ہے۔ اس سلسلے میں روسی فیڈریشن کے وزیر داخلہ ولادی میر کولوکولٹسف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں ان کی آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے اور پاکستان و روس کے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی ادارہ جاتی روابط اور بہتر ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں، بالخصوص سیکیورٹی کے میدان میں ٹھوس تعاون بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران روسی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.