اسلام آباد: وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں فوج کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو انتظامیہ کی معاونت کے لیے تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی کا مقصد شہریوں کی جان و مال اور سرکاری تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ فوج انتظامیہ کی معاونت کرتے ہوئے سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فوج کی تعیناتی 11 اکتوبر 2026 کو نافذ ہونے والی ایمرجنسی کی مدت تک جاری رہے گی۔
حکم نامے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا، جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) سے مشاورت کے بعد تعینات کیے جانے والے فوجی دستوں کی تعداد کا تعین کریں گے۔ اس مقصد کے لیے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ بھی مشاورت کی جائے گی۔
وفاقی حکومت کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی سے متعلق حکم نامہ آئندہ گزٹ آف پاکستان، پارٹ ٹو میں شائع کیا جائے گا۔