امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر ایری میں فائرنگ کے واقعے نے کئی جانیں لے لیں، جہاں مشتبہ حملہ آور سمیت 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے اسباب اور حالات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق فائرنگ رات کے وقت ہوئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس اہلکاروں کے جائے وقوعہ پر پہنچنے سے پہلے ہی تمام ہلاکتیں ہوچکی تھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کی موت بظاہر خود کو گولی مارنے کے نتیجے میں ہوئی۔ ایری پولیس چیف رک لوراہ نے واقعے کو شہر کے لیے غیر معمولی جانی نقصان اور تباہی کا باعث قرار دیا۔
پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایری کے میئر سے رابطہ کیا ہے۔ ان کے مطابق ریاستی حکومت نے متاثرہ علاقے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
حکام کے مطابق فائرنگ کے محرکات اور دیگر تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔