خیبرپختونخوا پولیس کے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے 18 افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ آئی جی پولیس ذوالفقار حمید کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت مختلف ریجنز، اضلاع اور سنٹرل پولیس آفس میں افسران کی ذمہ داریاں تبدیل کی گئی ہیں۔
احکامات کے مطابق ڈاکٹر فصیح الدین کو آئی جی ٹریننگ کے عہدے سے تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ لیفٹیننٹ ریٹائرڈ ناصر محمود ستی کو کمانڈنٹ ایف آر پی تعینات کیا گیا ہے۔
ہمایوں مسعود سندھو کو ڈی آئی جی لیگل کے عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ سید فدا حسن شاہ کو ڈی آئی جی آپریشنز مقرر کیا گیا ہے۔
جہانزیب نذیر خان کو آر پی او ہزارہ ریجن، شاکر حسین داوڑ کو آر پی او کوہاٹ ریجن اور زاہد نواز کو آر پی او ملاکنڈ ریجن کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ عرفان طارق کو آر پی او کوہاٹ کے عہدے سے تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی سطح پر عمران خان کو ڈی پی او کرک کے عہدے سے تبدیل کیا گیا ہے، جبکہ نیاز محمد کو ڈی پی او کرک تعینات کر دیا گیا ہے۔ محمد اظہر کو اے آئی جی آپریشنز سنٹرل پولیس آفس مقرر کیا گیا، جبکہ محمد وقاص خان کو ڈی پی او مانسہرہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
سوات میں محمد جمیل اختر کو ڈی پی او سوات تعینات کیا گیا، جبکہ مشتاق احمد کو ایس پی ایلیٹ فورس پشاور ریجن مقرر کیا گیا ہے۔ محمد خالد کو ڈی پی او لوئر چترال اور ریشم جہانگیر کو اے آئی جی لاجسٹکس سنٹرل پولیس آفس تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح شفیع اللہ کو سنٹرل پولیس آفس پشاور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تیمور خان کو ڈی پی او ہری پور مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔